Mar 18, 2021 01:55 pm
views : 201
Location : Domestic Place
Karachi- Pakistan reports 3,495 COVID-19 new cases, highest in three months
کراچی، کورونا سے مزید اکسٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، نئی کورونا لہر میں سخت پابندیاں لگائے جانے کا انتباہ جاری
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار چار سو پچانوے نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ اکیانوے ہزار ایک سو چھیاسی، سندھ میں دو لاکھ باسٹھ ہزار دو سو سات، خیبر پختونخوا میں ستتر ہزار چار سو تینتالیس، بلوچستان میں انیس ہزار دو سو انہتر، گلگت بلتستان میں چار ہزار نوسو پینسٹھ، اسلام آباد میں انچچاس ہزار چار سو چہتر جبکہ آزاد کشمیر میں گیارہ ہزار دو سو چونسٹھ کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 48 ہزار 242 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 377 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 501 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 62 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری طرف این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ نئی کورونا لہر بہت خطرناک ہے اور مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث حکومت عوامی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگاسکتی ہے۔
اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسپتالوں میں روزانہ مریضوں کے داخلے ہورہے ہیں، انتہائی نگہداشت والے افراد بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔اگر لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) پر عملدرآمد بہتر نہیں ہوا تو ہم ان کی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔