پشاور، انڈوں کی سیاست زور پکڑ گئی، کیپٹن (ر) صفدر پر انڈے مارے گئے، انڈے مارنے والے افراد رکشہ میں سوار ہو کر فرار ہوگئے
پاکستان میں انڈوں کی سیاست بھی فروغ پکڑتی جارہی ہے۔ ملکی سیاست میں مخالفین پر انڈوں کی بارش کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے، پشاور ہائی کورٹ کے باہر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو انڈے پڑگئے۔
پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں کے مابین ایک دوسرے کے رہنماؤں پر سیاہی، انڈے اور جوتے مارنے کا سلسلہ زور پکڑ رہا ہے اور اب پشاور میں پیشی پر آئے ن لیگی رہنما کیپٹن(ر) صفدر بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکے۔
پشاور ہائی کورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی تو وہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیپٹن محمد صفدر کی ضمانت میں توسیع کردی۔
عدالت میں پیشی کے بعد واپس باہر نکلتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر پر نامعلوم افراد نے دو انڈے پھینک دیئے اور تیزی سے فرار ہو گئے۔ کیپٹن صفدر ان افراد کو مارنے کیلئے دوڑے تاہم وہ رکشہ میں سوار ہو کر فرار ہوگئے۔ اس موقع پر کیپٹن صفدر اور ان کے حامیوں نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف نعرے بازی کی۔