Mar 20, 2021 04:45 pm
views : 223
Location : Domestic Place
Lahore- Wasim Akram says he does not interfere in anyone's work in the cricket board
لاہور، کرکٹ بورڈ میں کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا، وسیم اکرم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز باؤلر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا تاہم ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر منعقدہ تقریب میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم نے کہا کہ میں چیف سلیکٹر محمد وسیم کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کس کھلاڑی کو قومی کرکٹ ٹیم میں لو یا کس کرکٹر کو شامل نہیں کرو، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے، مجھے اور بہت سے کام ہوتے ہیں، دراصل میں بھی اس طرح کی باتیں سنتا رہتا ہوں، ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔
کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ہی کمیٹی پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ کون سی کرکٹ کمیٹی، جس کا سال میں ایک ہی اجلاس ہوتا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقا کو دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، وہاں کی پچز بہت مختلف ہوں گی، ان وکٹوں پرپاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے قومی ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے کافی باتیں سنی ہیں، محمد وسیم کو پی سی بی نے چیف سلیکٹر بنایا، پاکستان میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنا دیا جاتا ہے تاہم جو کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہو جائے اس کا ایشو نہیں بنتا جو شامل نہ ہو اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔