Mar 20, 2021 06:55 pm
views : 209
Location : Domestic Place
Lahore- Motorway rape case, Accused Abid, Shafqat sentenced to death
لاہور، موٹروے زیادتی کیس، عدالت نے عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت سنادی
موٹروے زیادتی کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خصوصی عدالت نے ملزمان کو سزائے موت کا حکم دیدیا۔
خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے موٹروے کیس کے مرکزی ملزمان عابدملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت سنائی۔
تفصیلات کے مطابق گجر پورہ میں رنگ روڈ موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے اور لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کیس کے مرکزی ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا کو موت کی سزا سنا دی ہے۔
کیمپ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے دونوں ملزمان کو ایک ایک مرتبہ سزائے موت، ایک ایک مرتبہ عمر قید کے علاوہ دونوں ملزمان کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
عدالت نے مقدمے میں 37 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے، گواہوں میں متاثرہ خاتون اور مقدمہ مدعی کا بیان بھی قلمبند کیا گیا، ملزم شفقت بگا 14 ستمبر کو گرفتار ہوا اور عابد ملہی 12 اکتوبر کو گرفتار ہوا اور زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔
گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں گجر پورہ کے علاقے میں موٹروے پر انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا تھا۔ گوجرانوالہ کی رہائشی ثنا نامی خاتون اپنی بہن سے ملنے کے لیے لاہور آئی تھیں۔ واپسی کے دوران ثنا کی کار کا پیٹرول ختم ہوگیا، انہوں نے اپنے عزیز سردار شہزاد کو اطلاع کردی اور وہ مدد کے انتظار میں گاڑی سے اتر کر کھڑی ہوگئیں۔