Mar 22, 2021 02:30 pm
views : 208
Location : Domestic Place
Karachi- Pakistan reports over 3500 COVID-19 cases for third consecutive day
کراچی، پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ تشویشناک حد تک بڑھ گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وباء سے مزید بیس اموات ہوگئیں
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار چھ سو انہتر نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ننانوے ہزار چالیس، سندھ میں دو لاکھ تریسٹھ ہزار دو سو نوے، خیبر پختونخوا میں اسی ہزار سینتیس، بلوچستان میں انیس ہزار تین سو بیالیس، گلگت بلتستان میں چار ہزار نو سو باہتر، اسلام آباد میں باون ہزار چھیاسی جبکہ آزاد کشمیر میں گیارہ ہزار سات سو چار کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک اٹھانوے لاکھ سترہ ہزار چار سو اکیانوے افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تینتالیس ہزار چار سو اٹھانوے نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک پانچ لاکھ تیراسی ہزار پانچ سو اڑتیس مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ دو ہزار چار سو تئیس مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر این سی او سی نے ملک بھر میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ وفاقی وزیر نے صوبوں اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر صوبائی انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کا کہہ دیا گیا ہے۔