Mar 24, 2021 01:55 pm
views : 221
Location : Lahore High Court
Lahore- LHC approves Maryam Nawaz's interim bail till April 12
لاہور،
مریم نواز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو
گرفتاری سے روک دیا، عدالت عالیہ نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری
کردیا، مریم نواز کہتی ہیں نہتی عورت کا کتنا خوف ہے
لاہور
ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی حفاظتی
ضمانت منظور کرلی گئی۔مریم نواز نے نیب کی جانب سے طلبی کے بعد حفاظتی
ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ
کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز
ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی جس میں مریم نواز
نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے دو انکوائریز میں طلب کیا تھا جس میں وہ پیش
ہونا چاہتی ہیں لیکن نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا حفاظتی ضمانت
منظور کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر آج ہی
سماعت کی اور ان کی 12 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو
گرفتار ی سے روک دیا۔عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے اسے نوٹس بھی جاری
کیا ہے۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں، نیب کی
بھیانک تاریخ میں پہلی مرتبہ اسے ریڈ زون بنایا گیا، اسی سے پتہ چلتا ہے کہ
نہتی عورت کا کتنا خوف ہے، ہم نے انتقام سہہ کر کے انہیں ایکسپوز کیا ہے ،
میں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ان کے انتقام کو روکنا بھی ہے اور اس کا
مقابلہ بھی کرنا ہے، پہلے ہی کہہ چکی ہوں جتنا انتقام ہونا تھا ہوچکا ،
جتنا برداشت کرنا تھا کرلیا۔ مجھے اس بار ان کے لئے آسان شکار نہیں
بننا۔نیب کو موقع نہیں دیا جائے گا کہ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچائے۔