Mar 25, 2021 02:15 pm
views : 211
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- Supreme Court orders restoration of local body system in Punjab
اسلام آباد، سپریم کورٹ آف پاکستان نے بڑا فیصلہ سنادیا، پنجاب میں بلدیاتی نظام بحال کرنے کا حکم، عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی ایکٹ کے سیکشن تھری کو آئین سے متصادم قرار دیدیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ریمارکس میں بلدیاتی ایکٹ کے سیکشن تھری کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا فیصلہ دیدیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اور چاہتی ہے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے، معاملہ ابھی مشترکہ مفادات کونسل میں زیر التواء ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا باقی صوبوں میں بلدیاتی انتخاب ہورہے ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ باقی صوبوں کا مردم شماری پر اعتراضات ہیں، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس چوبیس مارچ کو ہونا تھا، وزیراعظم کو کروونا کی وجہ سے اب اجلاس سات اپریل کو ہو گا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی میعاد دسمبر 2021 تک تھی، 2018 انتخابات کے بعد پنجاب اور وفاقی میں نئی جماعت کی حکومت آئی، نئی پنجاب حکومت نے بلدیاتی حکومتیں تحلیل کر کے ایک سال میں الیکشن کرانے کا وقت دیا، ایک سال کی مدت گزرے کے بعد پنجاب حکومت نے نئی ترمیم کی اور پھر آرڈیننس جاری کیا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ باقی صوبوں میں بلدیاتی حکومتوں نے اپنی مدت کو پورا کیا؟۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے سامنے پنجاب کا 2019 کا بلدیاتی قانون چیلنج کیا گیا ہے، کیا درخواست گزار چاہتا ہے قانون کے سیکشن تین کو کالعدم کر دیں۔ عدالت نے بلدیاتی ایکٹ کے سیکشن 3 کو آئین سے متصادم قرار دے کر پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا حکم دے دیا۔