Mar 27, 2021 05:44 pm
views : 206
Location : Domestic Place
Islamabad- Coronavirus stats worsening in Pakistan: Asad Umar
اسلام آباد، وفاقی حکومت نے سخت پابندیوں کا عندیہ دیدیا، اسد عمر کہتے ہیں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے
وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں سخت پابندیوں کا عندیہ دیدیا گیا ہے۔ این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اسی وجہ سے ہم نے دو ہفتے پہلے پابندیوں میں اضافہ کیا تھا۔
اسد عمر نے بتایا کہ لوگوں کو اندازہ نہیں کورونا کی تیسری لہر کتنی خطرناک ہے، کورونا سے بچاؤ کے لیے جو فیصلے کیے گئے ہیں ان پر عوام کی جانب سے اس طرح عمل نہیں ہورہا جیسے ہونا چاہیے تھا، پنجاب اور کے پی میں کورونا وبا کی لہرمیں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں کیسز میں اضافے کی وجہ سے برطانوی کورونا وائرس کی قسم ہے جو تیزی سے پھیلتی ہے، کورونا سے بچاؤ کےلیےشہری ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں، احتیاط نہ کی گئی تو کورونا کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا، ہمارے اسپتالوں پر کورونا کے باعث دباوَ بڑھ گیا ہے، گزشتہ 5 روز میں کورونا تشویشناک مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہواہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ایک بار پھر اس وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہے اور اس وبا کو اس حد تک نہیں پھیلنے دینا کہ لوگوں کے روزگار کو نقصان پہنچانا پڑے، ہماری ہر ممکن کوشش تو یہی ہے لیکن اگر فوری اقدامات نہیں کیے گئے تو ایسی صورتحال بھی ہوسکتی ہے کہ ہمیں اس سے زیادہ سخت پابندیاں لگانی پڑیں، مرکزی، صوبائی اور علاقائی سطح پر سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست ہے عوام کےدفاع میں کردار اداکریں۔