Apr 07, 2021 04:21 pm
views : 242
Location : Domestic Place
Islamabad- Russia pledges to promote bilateral ties with Pakistan in diverse fields
اسلام آباد، پاکستان اور روس کے مابین وزرائے خارجہ سطح پر مذاکرات، روسی وزیر خارجہ کہتے ہیں انسداد دہشت گردی شعبے میں پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے
پاکستان اور روس کے درمیان وزرائے خارجہ سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
پاکستان اور روس کے درمیان وزرائے خارجہ سطح پر مذاکرات دفترخارجہ میں ہوئے۔ روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاروف اور زیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پر عزم ہے، ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ای ویزہ سمیت بہت سی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، دوران مذاکرات اقتصادی، تجارتی و دفاعی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پاکستان، روس کے اشتراک ساتھ اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبےکے جلد آغاز کیلئے پر عزم ہے۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری باہمی تجارت 790 ملین ڈالرز کو پہنچ گئی ہے اور اس میں چالیس فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، ہم نے انرجی شعبے میں تعاون پر بھی بات کی جس میں نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن اہم ہے، انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے، ہمیں افغانستان میں بڑھتی دہشت گردی پر تشویش ہے، وہاں سیکیورٹی صورتحال خراب ہورہی ہے، سیاسی مذاکرات سے ہی افغانستان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے، ہم نے یمن، لیبیا اور شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
روس کے وزیرخارجہ کی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔