Apr 09, 2021 02:10 pm
views : 255
Location : Supreme Court of Pakistan
Karachi- look of Karachi has been changed by commercializing the residential space, SC
کراچی، رہائشی جگہ کو کمرشل کرکے کراچی کا حلیہ ہی بدل دیا گیا، چیف جسٹس کہتے ہیں پورا کا پورا ڈیفنس سوسائٹی ہی کمرشل کردیا گیا
سپریم کورٹ کے فاضل جج نے ریمارکس دیئے ہیں کہ رہائشی جگہ کو کمرشل کرکے کراچی کا حلیہ ہی بدل دیا گیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لارجر بینچ نے کورنگی کراسنگ میں شادی ہالز گرانے کے خلاف کورنگی شادی ہالز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔
شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے قوانین رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ لارجر بینچ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے انور منصور خان کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ دنیا میں شہروں کا ماسٹر پلان ایک بار ہی بنتا ہے اور ڈیڑھ ہزار سال تک ویسا ہی رہتا ہے، شہر جیسے بنتے ہیں ویسے ہی رہتے ہیں، لیکن آپ کے قوانین تو ایسے ہیں، جس جگہ کو چاہیں، کمرشل کردیں، اس طرح تو رہائشی کو کمرشل کرکے وہاں کی ہیئت ہی تبدیل کردیں گے، علاقے کا پورا انفراسٹرکچر تبدیل ہوجاتا ہے، کیا پانی، سیوریج و دیگر مسائل پیدا نہیں ہوں گے؟پورے کراچی کا حلیہ ہی بدل دیا گیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پورا کا پورا ڈیفنس سوسائٹی کمرشل کر دیا گیا، اس طرح تو سب کمرشل ہوجائے گا۔