برلن، پاکستان نے امن کیلئے بہت قربانیاں دیں، جرمنی نے اعتراف کرلیا، وزیر خارجہ کہتے ہیں جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کے مشکور ہیں
جرمنی نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرلیا۔ جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان نے بہت قربانیاں دیں۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہشمند ہے، مذاکرات کیلئے ہندوستان کو ساز گار ماحول فراہم کرنا ہو گا۔
برلن میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جرمن وزیرخارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے افغان امن کیلئے پاکستان کی بہت اہمیت ہے، افغانستان میں تشدد کے خاتمے اور امن کیلئے مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان امن سے متعلق مستقبل میں ہونیوالی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کےساتھ تعلقات کوفروغ دینےکاخواہاں ہے، جرمنی کےساتھ نئےاقتصادی تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان میں تجارت کیلئےبہترین مواقع موجودہیں، افغان معاملےسمیت دیگرامورپرپاکستان جرمنی کےساتھ رابطےمیں رہےگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کوروناکی وجہ سےدنیاکوچیلنج کاسامناہے، پاکستان جرمن ٹیکنالوجی ٹرانسفر سےفائدہ اٹھاناچاہتاہے، ویکسین کی فراہمی کیلئےجرمنی کےتعاون کےشکرگزارہیں۔ خطے میں قیام امن سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کےساتھ پرامن تعلقات کاخواہاں ہے، جرمنی کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن اورخوشحالی چاہتاہے۔