Apr 12, 2021 04:45 pm
views : 222
Location : Domestic Place
Lahore- Thousands Sikh pilgrims have arrived in Pakistan to attend the Vasakhi Festival
لاہور، وساکھی میلے میں شرکت کیلئے ایک ہزار سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، سخت سیکیورٹی حصار میں سکھ یاتریوں کو حسن ابدال روانہ کردیا گیا
سکھ مذہب کے تہوار " وساکھی میلہ" کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے ایک ہزار کے قریب سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار گرومیت سنگھ بھوگ کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز طارق وزیر نے آنے والے مہمانوں کو گلدستے پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ ڈپٹی سیکریٹری شرائنز عمران گوندل، بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی، سابق پردھان سردار بشن سنگھ سردار امیر سنگھ، سردار اندرجیت سنگھ، رویندر سنگھ، امجد الطاف سمیت دیگر افسران وسکھ رہنماء بھی ہمراہ موجود تھے۔
پاکستان پہنچنے پر سکھ یاتریوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے گورو کی دھرتی کے درشن کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ پارٹی لیڈر سردار گوومیت سنگھ بھوگ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دل میں بہت ہی خوشیاں اور ارمان لے کر وساکھی میلہ منانے پاکستان کیلئے آئے ہیں اور اتنی زیادہ تعداد میں ویزے جاری کرنے پر ہم بہت شکر گزار ہیں۔
ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز طارق وزیر کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن مذہبی سیاحت کے فروغ کے عین مطابق بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی مہمان نوازی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اور مہمانوں کو رہائش سیکیورٹی میڈیکل اور سفری سہولیات سمیت تمام دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پردھان سردار ستونت سنگھ کا کہنا ہے کہ ہم وساکھی میلے کے اعلیٰ انتظامات پر حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے شکر گزا رہیں ٓ، یاتریوں کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں حسن ابدال روانہ کردیا گیا جہاں چودہ اپریل کو وساکھی میلے کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ حکومتی نمائندے اور سکھ رہنماں شرکت کریں گے۔