Apr 14, 2021 03:54 pm
views : 220
Location : Domestic Place
Rawalpindi- Govt decides to ban Tehreek-e-Labbaik
راولپنڈی، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں میں خود ختم نبوت کا مجاہد ہوں، ٹی ایل پی جو چاہتی ہے اس سے دنیا میں ہمارا انتہا پسندی کا تاثر قائم ہوگا
حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا، تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت کی سفارش کے بعد تحریک لبیک پر پابندی کی سمری کابینہ کو منظوری کیلیےبھیجی جارہی ہے، راستے بند کرنے اور قانون توڑنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے ختم نبوت پرترمیم کی تو میں نے اسمبلی میں آواز اٹھائی، جس ملک میں وزیر داخلہ ختم نبوت کا مجاہد ہو اس ملک میں کوئی ختم نبوت کا مسئلہ نہیں، ہمارے دور میں ناموس رسالت کے خلاف کوئی کام نہیں ہو سکتا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا،اجلاس میں تحریک لبیک کی جانب سے ہونے والے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارکباد اور اس دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیئر ہیں، لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے راستے بحال کردیئے، رینجرز اور پولیس نے انتظامیہ کے ساتھ ملکر اچھا کام کیا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔