ابوظہبی، آئی سی سی کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی،چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے اجلاس میں معاملات کو سلجھانے کاآغازہوگا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی نے 33-2023 کے اگلے آٹھ سالہ دورانیہ کے خدوخال کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ کرک انفوکے مطابق اب تک کمیٹی اس حوالے سے مختلف بورڈز کی رائے حاصل کررہی ہے۔
کمیٹی کے سامنے دو بڑے سوال ہیں، ایک یہ کہ آئی سی سی ایونٹس اور ڈومیسٹک لیگز کی وجہ سے کیلنڈر میں باہمی سیریز کیلئے کتنی جگہ بچے گی، دوسرا سوال یہ ہے کہ ورلڈ کپ سپر لیگ اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کیسی ہونا چاہیے۔
آئی سی سی اگلے دورانیے میں ایک اور انٹرنیشنل ایونٹ کیلنڈر میں شامل کرنا چاہتی ہے جو ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ اس کا سب سے بڑا مخالف ہے،اس معاملے میں آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی اس کے ہمنوا ہیں۔
اس وقت ون ڈے کرکٹ کا مستقبل بھی زیر غور ہے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ مستحکم نظر آتے ہیں مگر باہمی ون ڈے سیریز میں زیادہ دلچسپی ظاہر نہیں کی جا رہی، ایک فرمائش ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی ہے،سپر لیگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں 2023 کے میگا ایونٹ میں براہ راست انٹری پائیں گی، باقی 2 جگہوں کیلیے کوالیفائنگ ایونٹ ہوگا، سپر لیگ میں ابھی 13 ٹیمیں شامل ہیں۔