Apr 17, 2021 04:21 pm
views : 206
Location : Domestic Place
Rawalpindi- Govt decides to lodge case against Rana Sanaullah on terrorism charges
راولپنڈی، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، طاقت کے زور پر زیر یا بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، فواد چوہدری کہتے ہیں حکومت نے رانا ثناء اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا
ڈی ایچ کیو راولپنڈی کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس وقت حالات بہتر اور قابو میں ہیں، رسول اللہ سے محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے لیکن ان کی ذات پر سیاست کرنا درست نہیں اور حضورکی ذات کو اپنے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنا تو قطعی غلط ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسے فتنے جن سے ملک کمزور ہو، دنیا میں ملکی ساکھ متاثر ہو ان کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ جو چاہیں کرتے رہیں، حکومت پاکستان اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً چاروں صوبوں کی پولیس کو مبارکباد پیش کرتی ہے جنہوں نے اس فتنے کو ناکام بنایا۔ پاکستان دنیا کا پانچویں بڑا اور ایٹمی طاقت والا ملک ہے، دنیا کی سپر پاور امریکا افغانستان میں فتح یاب نہ ہوسکی لیکن پاکستان نے ایسے عناصر کو شکست دی جن کے خلاف امریکا نبرد آزما تھا، پاکستان کی ریاست بالکل کمزور نہیں، اگر کسی کو کوئی شک ہے تو وہ دور کرلے، ہمارے ملک میں جمہوریت ہے اور مختلف نقطہ نظر والوں کے مؤقف کو سنا جاتا ہے اسی کو جمہوریت کہتے ہیں، لیکن کوئی یہ سمجھے کہ ہم حکومت کو بلیک میل کرلیں گے یا حکومت کو طاقت کے زور پر زیر کریں گے تو اپنی غلط فہمی دور کرلے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مذہبی جماعت کے خلاف کارروائی اور اسے کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کسی ملک یا بین الاقوامی طاقت کے زور، ڈر یا دباؤ پر نہیں کیا، بلکہ یہ فیصلہ ہماری اپنی حکومت کا تھا، اس فیصلے میں سب سے پہلے وزارت داخلہ، اس کے بعد ہرصوبے کی حکومت نے مل کر ایکشن لیا، اور ثابت کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لیگی رہنما رانا ثنااللہ نے سرکاری افسران کو دھمکیاں دیں، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ انکے بیان پر ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔