Apr 23, 2021 02:48 pm
views : 212
Location : Accountibility Courts
Lahore- Accountability Court ordered to auction Nawaz Sharif's property
لاہور، نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیدیا گیا، احتساب عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے نواز شریف کی گاڑیاں بھی تیس یوم کے اندر نیلام کرنے کا حکم سنادیا
لاہور کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد نیلامی کیلئے نیب کی درخواست منظور کرلی ہے اور عدالت نے چئیرمین ایس ای سی پی کو نواز شریف کے شئیرز فروخت کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ڈی سی لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ نواز شریف کی اراضی فروخت کرکے 60 دن کے اندر رپورٹ پیش کریں، جائیدادیں نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔نوازشریف کی گاڑیاں بھی 30 دن کےاندر نیلام کی جائیں، پولیس کی مدد سے گاڑیاں قبضے میں لے کر بیچی جائیں اور نواز شریف کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم سرکاری خزانے میں منتقل کی جائیں۔
خیال رہے کہ نواز شریف کو احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دے رکھا ہے، اور ان کی کیس میں مسلسل غیر حاضری کو بنیاد بنا کر نیب نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام ملک میں موجود تمام جائیدادیں نیلام کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔