Apr 23, 2021 03:23 pm
views : 206
Location : Domestic Place
Lahore- Shahbaz Sharif has been released from jail
لاہور، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جیل سے رہا کردیا گیا، منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو چھ ماہ اور پچیس دنوں کے بعد رہائی ملی
لاہور احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ضمانتی مچلکے منظور کرکے ان کی روبکار جاری کردی، جیل حکام کو روبکار موصول ہوتے ہی شہباز شریف کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو چھ ماہ اور پچیس دنوں کے بعد رہائی ملی ہے، ان کی رہائی کے موقع پر حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق و دیگر رہنماوں کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی۔
شہباز شریف کے پچاس پچاس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے سیف الملوک کھوکھر اور محمد نواز نے جمع کرائے، اس سے قبل ضمانتی مچلکے نا مکمل ہونے کے باعث دیر ہوئی، ضمانتی مچلکوں پر درج گواہ عدالت نہ پہنچ سکا جب کہ وکیل کے کلرک نے گواہ کا نام تبدیل کرنے کے لیے وقت مانگ لیا، مچلکے کے گواہ شعیب احمد مرزا کے نہ پہنچنے پر گواہ تبدیل کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد شہبازشریف کی ضمانت منظور کی تھی۔