بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اور عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا
آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو 24 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
26
سالہ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کرنے
والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز 52 اننگز میں مکمل کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 60 اننگز میں تیز ترین 2 ہزار رن بنائے تھے۔
ہرارے
میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے 164 رنز کا ہدف دیا جس کے
تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا گیا
اور اوپنر ویسلے نے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 59 رنز بناکر پویلین لوٹ
گئے، ون ڈاؤن آنے والے مارومانی نے بھی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 35
رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ کے دوران ایک موقع پر زمبابوے کی ٹیم کھیل پر
حاوی دکھائی دی تاہم حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4کھلاڑیوں
کو پولین بھیج دیا جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں
کے نقصان پر 141 رنز ہی بناسکی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا
آغاز محمد رضوان اور شرجیل خان نے کیا، دونوں اوپنرز نے صرف 35 رنز کی
شراکت قائم کی جس کے بعد شرجیل خان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر محمد
رضوان نے ایک بار پھر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کی جب
کہ کپتان بابراعظم نے بھی اوپنر کا ساتھ دیتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ
کیا اور نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ہی ٹی 20 میچوں میں تیز ترین 2000
رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان
124 رنز کی شراکت قائم ہوئی، رضوان نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی
جب کہ بابر اعظم نے 52 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز
میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔