Apr 29, 2021 06:03 pm
views : 206
Location : Domestic Place
Islamabad- 2 PIA planes carrying vaccine doses from China lands in Pakistan
اسلام آباد، پی آئی اے کے دو جہاز چین سے سات لاکھ کورونا ویکسین لیکر پاکستان پہنچ گئے، سربراہ این سی او سی نے تین مئی سے چالیس سے اننچاس سال کے افراد کی ویکسینیشن کا اعلان کردیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)کے 2 خصوصی طیارے چین سے 7 لاکھ کورونا ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ تیسری پرواز جلد متوقع ہے۔ پہلی پرواز صبح اور دوسری پرواز دوپہر کو دارالحکومت بیجنگ سے اسلام آباد پہنچی۔ دونوں پروازوں سے سات لاکھ سے زائد ویکسین لائی گئی ہیں۔
بوئنگ 777 کی خصوصی پروازیں حکومت پاکستان کی جانب سے چلائی جارہی ہیں ۔ زیادہ گنجائش والے طیاروں کے استعمال کا مقصد کورونا وبا کے مقابلے کیلیے ویکسین کی ترسیل کو تیز کرنا ہے۔
تیسرا جہاز 3 لاکھ سے زائد کورونا ویکسین لیکر جلد اسلام آباد پہنچے گا۔ مجموعی طور پر تینوں پروازوں کے ذریعے دس لاکھ ویکسین پاکستان لائی جائیں گی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے تین مئی سے 40 سے 49 سال کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے بتایا کہ ملک میں دوسرے روز بھی ایک لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، ویکسین رجسٹریشن کے عمل میں تیزی آئی ہے جو حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 3 مئی سے 40 سے 49 سال کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کردی جائے گی اور پیر سے انہیں ویکسین لگنا شروع ہوجائے گی۔