Apr 29, 2021 06:10 pm
views : 216
Location : Domestic Place
Islamabad- PPP's return to PDM is delayed due to our condition, Fazal-ur-Rehman
اسلام آباد، اپوزیشن جماعتوں نے میرا اسمبلیوں سے حلف نہ لینے کا مطالبہ نہ مان کر اپنا نقصان کیا، مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی ہماری شرط کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے
وفاقی دارالحکومت میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد برقرار ہے اور عید کے بعد اس کا سربراہی اجلاس بلایا جائے، پی ڈی ایم میں اب ن لیگ کی قیادت شہباز شریف کریں گے، عید کے بعد بھرپورعوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، اگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کچھ عرصے کے لئے حلف نہ اٹھاتے تو معاملات کی نوعیت کچھ اور ہوتی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں ان ہاﺅس تبدیلی کاکوئی آپشن نہیں، انتخابی اصلاحات کے لئے ایسی قومی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے جس میں اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہو، جسٹس قاضی فائز عیسی کے فیصلے کے بعد وزیراعظم اور صدر کا عہدوں پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کے ہم بھی حق میں ہیں لیکن اس سے قبل اقتصادی استحکام اور سیاسی مفاہمت بہت ضروری ہے، کشمیر پر بھارت کے مقابلے میں ہمارے موقف میں مضبوطی تب ہی پیدا ہو گی جب ہم معاشی طور پر مضبوط ہوں گے، کمزور معیشت کی وجہ سے ہماری خارجہ پالیسی اور دفاع میں بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں، ماضی میں جب ملک کی معیشت مضبوط تھی تو واجپائی بس میں کر بیٹھ کر لاہور آ گیا تھا، اس وقت بھی ہم ان کا استقبال کیا تھا، کمزور معیشت کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر پر ہمارا موقف تحلیل ہو رہا ہے، ہم بہت کمزور پوزیشن پر کھڑے ہیں، اس صورتحال سے نکلنے کے لئے ہمیں مفاہمت سے راستہ بنانا پڑے گا۔