Apr 29, 2021 06:11 pm
views : 200
Location : Domestic Place
Karachi- It has been five years since Amjad Farid Sabri lost his fans
کراچی، امجد فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے پانچ سال ہوگئے
کراچی میں 23 دسمبر 1976 کو برصغیر پاک وہند کے معروف قوال صابری گھرانے میں آنکھ کھولنے والے امجد فرید صابری کو ہم سے بچھڑے پانچ سال ہوگئے ہیں۔امجد صابری نے 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا۔ان کے والد غلام فرید صابری بھی قوالی کی دنیا کا مشہور نام تھے۔امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
انہوں نے اپنے والد اور چچا مقبول صابری کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو اتنی خوبصورتی سے پڑھا کہ شہرت کی بلندیاں چھولیں۔
ان کی مقبول قوالیوں میں تاجدار حرم بھر دو جھولی علی کے ساتھ ہے زہرہ کی شادی میرے خواجہ پیا اور دیگر شامل ہیں۔
امجد صابری کی پانچویں برسی پر ان کی چھوٹی بیٹی پریسا صابری نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ بچپن کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے والد کی یاد کا پیغام درج کیا۔
پریسا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انہیں والد کی آواز سنے طویل عرصہ گزرگیا اب تک یقین نہیں آتا کہ 5 سال گزرگئے۔
انہوں نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے بنا رہنا آسان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امجد صابری کو 5 سال قبل 22 جون 16 رمضان المبارک کو کراچی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔