May 04, 2021 02:16 pm
views : 242
Location : Domestic Place
Islamabad- Practice of stealing elections, lodging false cases should be stopped, Shahid Khaqan
اسلام آباد، ملک میں انتخابی اصلاحات کی ضرورت نہیں، بس الیکشن میں دھاندلی چھوڑ دیں، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں الیکٹرونک نظام بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، حکومت کے سرکس کھلاڑیوں کا نہیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ رمضان میں قیمتوں کے معاملات کی نگرانی خود کروں گا اور اپریل میں سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ ہوئی، وزیراعظم نے بازاروں کا دورہ کیا، وہاں اشیا پڑی تھیں لیکن خریدار کوئی نہیں تھا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہوجاتاہے، ملک میں احتساب تو عوام کا ہو رہا ہے، 3 سال میں بجلی کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے، 73 سالہ تاریخ میں 3 سال میں آٹے کی قیمت دگنی کبھی نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کمیشن ہی بنا دیں آٹے کی قیمت کیسے دگنی ہوگئی، چینی مافیا نے چینی برآمد کی جس سے بحران پیدا ہوا، آپ نے چینی کی قیمت کم کرنے کے لئے کیا کارروائی کی ؟ جہانگیر ترین پر جو کیس بنائے گئے اس میں چینی کا کوئی تعلق نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک بیانیہ ہے، شہباز شریف نے نہ تو پی ڈی ایم بنائی اور نہ ہی انھوں نے توڑا ہے، کراچی میں پولیس فریق بن چکی ہے، اس لیے مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ انتخابی عمل کی نگرانی فوج کرے، انہیں فوج کی جگہ رینجرز کا نام لینا چاہیے تھا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اور ویکسین محدود ہیں، کروڑوں کی آبادی کے لیے چند لاکھ ویکسین کی بات ہوئی ، حکومت 10 کروڑ ویکسین کا آرڈر دے ،این سی او سی اجلاس سے کچھ نہیں ہوتا، کیا این سی اوسی عوام کوماسک پہناسکا۔