اسلام آباد، پاکستان کی سعودی عرب کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کیلئے مستقل حمایت کی یقین دہانی، وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کرلیا
وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
سعوی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ،علاقائی اوربین الاقوامی امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے رمضان المبارک کے خصوصی ایام میں مقامات مقدسہ کی زیارت کا موقع فراہم کرنے پراظہار تشکر کیا اور گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اورسعودی ولی عہد نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کومزید بڑھانے پراتفاق کیا اور دوطرفہ تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کی طرف سے مقدس سرزمین سے خصوصی عقیدت کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے لیے مستقل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت بھی کی گئی اور وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کے اقدامات کی تعریف کی۔ سعودی ولی عہد نے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا اور افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں پر روشنی ڈالی۔