جدہ،
سعودی عرب پاکستان کو ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا، وزیر
خارجہ کہتے ہیں دونوں ممالک میں قیدیوں کے تبادلے، جرائم کی بیخ کنی اور
انسداد منشیات کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوگئے
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
وزیر
خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے جدہ میں
خصوصی میڈیا ٹاک میں بتایا کہ عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی
ملاقات کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی،
ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،
سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں ان کی حالیہ آؤٹ ریچ کے حوالے سے اعتماد میں
لیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ وزیراعظم اور ولی عہد کے درمیان مفاہمتی
یادداشت پر دستخط ہوئے، جس کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک
اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا جس کے تحت ہمارے
درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک اسٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلانترتیب دیا
گیا ہے، سعودی ولی عہد کے مطابق، ان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے
انہیں اگلے دس سال کے دوران، دس ملین، افرادی قوت درکار ہو گی جس کا زیادہ
حصہ پاکستان سے لیا جائے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ اہم
معاہدوں پر دستخط ہوئے، ایک معاہدہ کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے
ہوا۔ دو معاہدے بلترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے
طے پائے، ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا، دوسرے معاہدے کی رو
سے سعودی عرب پاکستان کوسعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم
کرے گا، اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی
اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم نے او آئی سی اور اس کی آئندہ سمت کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال کیا۔