May 10, 2021 03:56 pm
views : 228
Location : Domestic Place
Lahore- Anti-state statements case: Physical remand of Javed Latif extended for 2 days
لاہور، ریاست مخالف بیانات کیس میں جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی گئی، عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی تفتیشی رپورٹ طلب کرلی
لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
ماڈل ٹاؤن کچہری کے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیانات دینے کے مقدمے پر سماعت کی۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں عدالت پیش کیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ پولی گرافک سمیت 3 ٹیسٹ کروالئے ہیں، جاوید لطیف کے دوسرے موبائل میں موجود واٹس ایپ گروپس دیکھنے ہیں، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ جاوید لطیف کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
لیگی رہنما جاوید لطیف نے خود دلائل دیئے اور کہا اگر میں بھی ملک کے نقصان پر خاموش رہتا تو سب خوش ہوجاتے، میرے وکلا نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا ہے، عدالت جتنا چاہے ریمانڈ دے دے، مجھے ساری زندگی بھی پولیس کے حوالے کر دیں لیکن میری آواز تو بند نہ کرائیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست منظور کرلی۔