May 11, 2021 01:45 pm
views : 237
Location : Domestic Place
Islamabad- Muslim Ummah must unite on the issue of Palestine, FM
اسلام آباد،عالمی برادری کو چاہیے کہ فلسطین کے مسئلے پر آواز اٹھائے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولیاں برسانا افسوس ناک ہے، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، گزشتہ رات ترک وزیر خارجہ نے انہیں فون کیا، فلسطین سےمتعلق پاکستان کا موقف دوٹوک ہے اسی طرح ترکی کا بھی ایک واضح موقف ہے، ہم فلسطین میں جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،فلسطین کے ایشو پر مسلم امہ کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے، ترک وزیر خارجہ مکہ میں موجود ہیں، وہ فلسطین کی صورتحال پرسعودی حکام سے بات کریں گے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ فلسطین کے مسئلے پر آواز اٹھائے۔
دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کی دعوت پر وزیر اعظم نے 3 روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب غیرمعمولی نوعیت کا تھا، پاک سعودی تعلقات پہلے بھی عمدہ تھے اور اب دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جارہا ہے، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت ضرورت ہے، سعودی ولی عہد کے وژن کے مطابق سعودی عرب کو مزید افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ سعودی حکام نے کہا ہے کہ انہیں مستقبل میں ایک کروڑ کارکن درکار ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سعودی عرب اہم ملک ہے، پاکستان کی خواہش کےمطابق ایران اورسعودی تعلقات میں بہتری آرہی ہے،امیر قطر بھی سعودی عرب کے دورے پر گئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کیا کہ بھارت میں یورینیم کی برآمدگی تشویشناک ہے، مودی حکومت کی کشمیر پالیسی پر بھارت کے اندر سے بھی تنقید ہورہی ہے، بھارت میں بڑا طبقہ بی جے پی حکومت کی کشمیر پالیسی کو ناکام سمجھتا ہے، وزیراعظم پہلےکہہ چکےہیں کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا پاکستان 2 بڑھائے گا۔