May 19, 2021 04:15 pm
views : 245
Location : Domestic Place
Lahore- Like-minded group is not forward bloc: Jahangir Tareen
لاہور، پنجاب حکومت اپنی کارروائیاں بند کرے اور ہمارے گروپ کا خیال کرے، جہانگیر ترین کہتے ہیں پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر آواز اٹھانے کیلئے گروپ بنایا
صوبائی دارالحکومت لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر جیانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تینوں ایف آئی آر میں چینی کا کوئی ذکر نہیں، اس ایف آئی آر کا چینی مافیا یا شوگر اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ عدالتوں میں مسلسل پیش ہورہے ہیں اور ان سے جو بھی دستاویزات مانگی جاتی ہیں وہ متعلقہ حکام کو فراہم کردی جاتی ہی، ان سے سوالات کئے گئے تھے ان کی مکمل منی ٹریل ایف آئی اے کو دے دی ہے۔
ہم خیال گروپ کی قیام کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے خلاف ایف آئی آر پر میرے دوست ساتھ کھڑے ہیں ، گزشتہ رات ایک طوفان کھڑا کیا گیا کہ ہم پی ٹی آئی سے ہٹ رہے ہیں، یہ بات واضح ہوجانی چاہیے کہ تحریک انصاف نہیں ٹوٹی، کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا، ہم حکومت کے ساتھ ہیں، الگ گروپس ہرپارٹی میں ہوتے ہیں۔ ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے، ہمارا گروپ تین ماہ سے بنا ہوا ہے یہ کل نہیں بنا۔
جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میرے دوست جب وزیر اعظم سے ملے تو وزیر اعظم نے علی ظفر سے کہا کہ آپ ایف آئی اے اور ہمارے لوگوں سے بھی ملیں، انصاف کریں اور حقیقت سامنے لائیں، علی ظفر سے ہمارے وکلا کی تفصیلی میٹنگ ہوئی، امید ہے ان کی رپورٹ جلد منظر عام پر آئے گی یا وزیراعظم کو چلی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پنجاب حکومت نے ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، افسران کے تبادلے شروع ہوگئے، اس دباؤ کے نتیجے میں لوگوں نے فیصلہ کیا کہ اپنی آواز پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے کیونکہ اس کی تمام ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہے ان کا رویہ غلط ہے۔