May 21, 2021 02:38 pm
views : 244
Location : Domestic Place
Islamabad- Opposition leader presented a resolution against Israeli atrocities on Palestinians at the UN office
اسلام آباد، قائد حزب اختلاف نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد اقوام متحدہ دفتر میں پیش کر دی، شہباز شریف کہتے ہیں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم کا بازار گرم کیا گیا
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری سے بے گناہ شہریوں کو شہید اور عمارتوں کو تباہ کیا جس کے خلاف قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد اقوام متحدہ آفس میں پیش کر دی ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پرویز اشرف، مولانا اسد اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔ احتجاج کے بعد شہبازشریف کے ہمراہ اراکین قومی اسمبلی اقوام متحدہ کے دفترپہنچے جہاں فلسطین پرقومی اسمبلی کی منظورکردہ متفقہ قرارداد اقوام متحدہ کے پاکستان میں نمائندے جولئین ہارنیس کے حوالے کی گئی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس اورجنرل اسمبلی کےصدر وولکن بوزکر کے نام دی گئی قرارداد میں وحشیانہ اسرائیلی حملے، قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ظلم کا بازار گرم کیا گیا، اسرائیل نے غزہ پر بمباری سے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر بھی تشدد کیا، دہائیوں سے فلسطین اور کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے۔ اسرائیلی بربریت کے خلاف قومی اسمبلی کی قرارداد اقوام متحدہ آفس میں پیش کر دی ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف مظالم روکنے کے مطالبات کئے گئے ہیں۔