چمن، بلوچستان کے امن پر تخریبکاروں کا وار، جے یو آئی (ن) کے رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکے سے چھ افراد جاں بحق اور اکیس افراد زخمی ہوگئے، دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی محفو ظ رہے
بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے ساجد مہمند روڈ پر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قادر لونی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
جے یو آئی کے تحت فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا، ریلی کے اختتامی مقام پر مبینہ طور پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کو ریمورٹ کے ذریعے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کے مطابق دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی محفو ظ رہے تاہم وہ معمولی زخمی ہوئے، دھماکے کے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، اور قادر لونی سمیت چھ زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے، دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چار مزید افراد دم توڑ گئے اور مجموعی طور پر اب تک چھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔