May 22, 2021 08:03 pm
views : 222
Location : Domestic Place
Karachi- Severe lockdown is expected in Sindh due to increase in positive cases
کراچی، سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگیا، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح چودہ فیصد تک جاپہنچی، صوبے میں سخت لاک ڈاؤن متوقع
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، ڈاکٹرز، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15 سے 21 مئی تک کراچی میں 13.97 فیصد کیس رپورٹ ہوئے، حیدرآباد میں 10.83 فیصد اور باقی اضلاع میں 5.40 فیصدکیس رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ہفتہ وار رپورٹ کے حساب سے کراچی شرقی میں 15 فیصد کیس ہیں، وسطی میں 13 فیصد ، ملیر اور غربی میں 10 فیصد کیس ہیں جب کہ حیدر آباد میں 11 فیصد اور سکھر میں 8 فیصد کوروناکیس ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وائرس سے گزشتہ 30 دنوں میں 213 مریض انتقال کرچکے جن میں سے 164 مریض وینٹی لیٹر پر تھے اور 26 مریض گھروں میں انتقال کرگئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ میں کل سب سےزیادہ 24299 نمونوں کی جانچ کی گئی جس میں 2136 نئے کیس رپورٹ ہوئے، 13 مئی یعنی عید پرکورونا کے 1232 کیس تھے اور اس وقت سندھ میں تشخیص کی شرح 8.8 فیصد ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عید کے بعد کیسزکی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اجلاس میں شریک وزیر صحت عذرا پیچوہو کے مطابق 19 مئی کو 2076 کیس اور 21مئی کو 2136کیس رپورٹ ہوئے تھے۔دوسری جانب کراچی میں کیسز بڑھنے پر منگھوپیر اور مومن آباد کے علاقوں میں چار جون تک لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔علاوہ ازیں کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی میں انتہائی سخت لاک ڈاؤن متوقع ہے اور اس حوالے سے ذرائع بتاتے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن گزشتہ سال کی طرز کا ہوسکتا ہے۔