گھوٹکی، وزیر اعظم جہانگیر ترین کو کوئی رعایت نہیں دینگے، اسد عمر کہتے ہیں حلیم عادل شیخ پر حملے کرانے میں سندھ حکومت سے ہی کوئی شخص ملا ہوا ہے
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی عمر کا کہنا ہے کہ گھوٹکی سب سے زیادہ گیس کی پیدوار دینے والا ضلع ہے، اور یہاں سے پاکستان کے بیشتر شہروں کو گیس فراہم کی جارہی ہے، یہ ظلم تھا کہ جس ضلع سے دیگر شہروں کو گیس دی جائے اور وہاں کی مقامی آبادی کو گیس نہ دی جائے۔
گھوٹکی میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قدرتی وسائل کے فیلڈز کے ملحقہ علاقوں میں گیس فراہمی یقینی بنائی، وہ جہاں وسائل وہاں کے لوگوں کو سہولیات ملنے پر یقین رکھتے ہیں، وزیر اعظم کی سکھر آمد پر 14 اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کا اعلان کیا گیا، جبکہ دن کے اندر گھوٹکی، جیکب آباد، خیرپور سکھر میں ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح کر رہا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کام کرنے سے روکنے کی کوشش کررہی ہے، ان کی پالیسی ہے کہ نہ کام کریں گے نہ کرنے دیں گے، سندھ میں 50 سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود ترقیاتی کام نہیں ہوا، حلیم عادل شیخ پر حملے کرانے میں سندھ حکومت سے ہی کوئی شخص ملا ہوا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی 22 سالہ جدوجہد کسی فرد کے لیے نہیں، ہماری پارٹی کا نام انصاف ہے اور انصاف پر ہی یقین رکھتے ہیں، طاقتور لوگوں کے لیے یکساں قانون ہے، وزیراعظم عمران خان جہانگیر ترین سے نہ انتقام لینا چاہتے ہیں اور نہ ان کو رعایت دیں گے، ترین گروپ کے مطالبات سادہ ہیں ان پر بیٹھ کر بات ہوچکی ہے۔