May 24, 2021 04:30 pm
views : 381
Location : Domestic Place
Islamabad- Transgenders protest against Israel
اسلام آباد، فلسطین سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف خواجہ سرا سڑکوں پر نکل آئے، کہتے ہیں حکمران کچھ نہیں کرسکتے تو کم از کم ہمیں ہی بارڈر پر بھیج دیں
خواجہ سراؤں کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ اس موقع پر نعرے بازی کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔
مظاہرین نے فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
مظاہرے میں شریک خواجہ سرا رانی خان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی بہت مرتبہ روکی گئی لیکن پھر شروع ہوگئی، مسلم ممالک متحد ہو کر اس کا مستقل حل نکالیں۔
مظاہرے میں شریک ایک اور خواجہ سرا مہک شاہ نے کہا کہ ہم فلسطین کو آزاد کروانا چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کچھ نہیں کررہی تو مسلم ممالک کے حکمران آگے بڑھ کر فلسطین کو آزاد کرائیں، وہاں کے لوگ بھی انسان ہیں ان کو بھی جینے کا حق ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے۔ انسانیت کا قتل ہورہا ہے۔ ہمیں بارڈر پر بھیجا جائے۔
مظاہرے میں شامل ایک اور خواجہ سرا شبانہ نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے مسلمانوں کا احساس کرنا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان ہمیں موقع تو دیں ہم فلسیطنی بھائیوں کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے ۔