چیئرمین
نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی تلوار پر
سیاسی وجوہات بھی ہیں
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی تلوار پر سیاسی وجوہات بھی ہیں، فیٹف کی تلوار کب تک لٹکتی رہے گی اس کا علم نہیں، عدالتی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ مضاربہ اسکینڈل میں کیا گیا، ہاؤسنگ سوسائٹیز نے جو لوٹ مار کی اس پر نیب آنکھیں بند نہیں کرسکتا، نیب میں کرپشن کی شکایات کم سے کم ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ رہزن اور رہنما میں فرق عوام کو پتا چل گیا، وقت کیساتھ بہتری آئے گی اور کیسز برق رفتاری سے چلیں گے۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کہ نیب کی ریکوری کہاں گئی، جو اراضی نیب نے ریکور کرائی وہ رقم کی صورت میں نہیں لیکن اس کی مالیت اربوں روپے میں ہے، عنقریب نیب ریکور کیا گیا سونا بھی مرکزی حکومت کو دے رہا ہے، نیب نے جو ریکوری کی وہ کہیں گاڑیوں، اراضی، رقم اور پراپرٹی کی صورت میں ہے، عوام کی جمع پونجی لوٹی گئی، نیب آنکھیں بند نہیں کرسکتا۔