Feb 27, 2022 10:05 pm
views : 342
Location : Domestic place
Karachi- Pakistani people have been betrayed, Bilawal Bhutto ahead of protest march against Imran Khan govt
پیپلز پارٹی کا حکومت کے خلاف لانگ مارچ کراچی سے روانہ
پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف کراچی مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بس بہت ہوگیا، تین سال دیکھ چکے اب سلیکٹڈ کو گھر جانا ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا جو 10 دنوں میں 34 شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ اس موقع پر سیکڑوں کارکنان درجنوں گاڑیوں میں شہر اور ملک کے دیگر حصوں سے مزار قائد پہنچے۔ کارکنان نے پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جب کہ وہ وقفے وقفے سے پارٹی کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔
اس موقع پر بلاول نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی کو بھگا کر جمہوری نظام لائیں گے، عمران خان کی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے جس نے کرپشن ختم کرنے وعدہ کیا مگر عمران خان کے دور حکومت میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ نالائق نیازی نے ملک کی معیشت تباہ کردی، تین سال دیکھ چکے اب سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو گھر جانا ہے، کٹھ پتلی کے خلاف کراچی کے عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوچکےہیں۔
اس موقع پر بلاول نے گو سلیکٹڈ گو کے نعرے بھی لگوا دیئے اور مزید کہا کہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ پر عوام کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں۔
حکومت نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا اعلان کردیا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، یہ لوگ جو تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ صرف نو دن کا رہ گیا۔