پشاور دھماکے کا مقدمہ درج ، دہشت گردی کی دفعات شامل
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پشاور دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا ، مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا اور دھماکے کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات درج کی گئیں ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کے بعد خود کش حملہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حملہ آور کالے کپڑے پہنے ہوئے تھا، پیدل آیا ، اس کے پاس پستول تھا، حملہ آور کی جانب سے پہلے فائر میں پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں مسجد کے اندر خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہمارے پاس تمام معلومات ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آئے، پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پشاور دھماکے کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔