پاک فضائیہ کے بیڑے میں جدید لڑاکا طیارے جے 10سی کی شمولیت ، فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ، عمران خان نےکہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا
ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، پاکستان مستحکم ہوتاجارہاہے، ملک کی سمت درست اور معیشت بہتر ہورہی ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
پاک فضائیہ کے بیڑے میں جدید لڑاکا طیارہ جے ٹین سی شامل کرلیا گیا، اس موقع پر فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جے ٹین سی طیارہ فضا سے زمین اورسمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریب میں چینی ساختہ لڑاکا طیارے جےٹین سی کی گرجدار آمد سے حاضرین دنگ رہ گئے، جے ٹین سی طیارہ فضا سے زمین اورسمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے ‘ویگرس ڈریگن’ بھی کہا جاتا ہے۔
دوسری جانب پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے فضائی بیڑے میں جے۔10 سی جہازوں کی شمولیت کی مناسبت سے ملی نغمہ جاری کردی ہے ، جس میں پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جو دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت چوکس و تیار ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پلوامہ کے بعد بالاکوٹ پر حملہ ہوا اس پر پاکستان کاردعمل دنیا نے دیکھ لیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان اپنادفاع کرنا جاتاہے، کوئی بھی پاکستان کی طرف دیکھے گا تو اسے بہت بڑانقصان ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد ملک خود دار اس وقت رہ سکتا ہے جب وہ اپنی حفاظت کرسکے، اللہ کا کرم ہے کہ ہماری ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہوئی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بےپناہ قربانیاں دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح ملک سے غربت کا خاتمہ کرناہے، جیسے جیسے دولت بڑھتی جائے گی ہم اپنے دفاع کو مزید مضبوط کریں گے ، اصل طاقت یہی ہے کہ آپ کو جنگ نہ لڑنی پڑے کیونکہ دنیا کو پتہ ہو،ہم دفاع کرسکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر بابر سدھو کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی، جدید ہتھیاروں اور دیگر دفاعی شعبوں میں چین کی معاونت قابل تعریف ہے، جے ٹین سی کی پاکستان ائیر فورس میں شمولیت سے دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی، پاک فضائیہ نے ہر مشکل میں وطن کی حفاظت کاعزم کیا ہے، آج کا دن پاک فضائیہ کے لیے اہم ہے۔