وزیراعظم کا اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار، ‘عمران خان نے کہا تحریک عدم اعتماد پر کوئی پریشانی نہیں-حکومت نے اتحادیوں سے رابطوں کےایک اور دور کا فیصلہ کرلیا-عامر لیاقت کا مستقبل میں پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی۔
کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا اور اتفاق کیا کہ ڈی چوک پرملکی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی شخصیات مسلم لیگ ق، ایم کیوایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سے دوبارہ رابطے کریں گی۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی کی وزیر اعظم سے ملاقات کروانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عامر لیاقت نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے وزیراعظم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ واقعی آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے بلکہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے اور آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں۔