تحریک عدم اعتماد میں جیت ہو یا ہار، فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان انشااللہ جیتیں گےکیونکہ عمران خان عوام میں پہلے سے زیادہ مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں آپ دین کے رہنما ہیں لیکن جو زبان آپ استعمال کر رہے ہیں اس سے اگر ملک میں خانہ جنگی اور انارکی پیدا ہوئی تو اس کی قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کا ہی ہوگا، عمران خان انشااللہ جیتیں گے، عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 3 ماہ سے کہہ رہا ہوں اپوزیشن 23 کو نہیں 25 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گی، آپ ہماری انتظامیہ سے بات کریں وہ آپ کو محفوظ راستے فراہم کرتے ہوئے مکمل سیکیورٹی دے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے پہلے بھی جلسہ کیا تھا، اگر آپ بھی 27 مارچ کو جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 25 مارچ سے سیاست کھل کر سامنے آجائے گی، اتحادیوں کا بھی علم ہوجائے گا کہ کون حکومت کے ساتھ ہے اور اس وقت عمران خان کی مقبولیت کا نیا دور بھی شروع ہوجائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور تحریک عدم اعتماد کے نتائج پر یہ بات سب کو معلوم ہوجائے گی، میں سیاسی بصیرت میں عمران خان کو جیتتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔