سربراہ براڈ شیٹ نواز شریف پر الزامات سے دستبردار، معافی طلب- شہبازشریف کا کہنا ہے کہ براڈشیٹ کے سی ای اوکے انکشافات نے نوازشریف اوران کے خاندان کے خلاف مہم کوبے نقاب کردیا۔
لندن (مرتضیٰ علی شاہ) براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے ان سے معافی طلب کی ہے۔
ایک میڈیا انٹر و یو کے دوران براڈ شیٹ کے سی ای او اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سابق ایسوسی ایشن کاوے موسوی نے کہاکہ وہ دودہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ ریکارڈ کی درستگی کے لئے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ’’ایک روپیہ‘‘ کی کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا۔
براڈ شیٹ نے 1999ء میں پرویز مشرف حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا تاکہ نواز شریف، بے نظیر بھٹو اور سول و فوجی پس منظر رکھنے والے سیکڑوں پاکستانیوں کی طرف سے مبینہ طور پر لوٹی گئی رقم کا پتہ چلا یا جا سکے۔
کاوے موسوی نے کہاکہ براڈ شیٹ کی تحقیقات کے نتیجہ میں سابق وزیراعظم نواز شریف یاان کے خاندان کے کسی بھی فرد سے متعلق بدعنوانی، چوری شدہ ، چھپی ہوئی یا ایسی دولت جس کے ذرائع کے متعلق نہ بتایا جاسکے، ایسی دولت کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے کہاکہ لوٹی ہوئی دولت تو بہت ملی، لیکن میں تقریباً 21سالہ تحقیقات کے بعد کہہ سکتا ہوں کہ اگر کوئی شخص میرے دعوے کے خلاف بات کرتا ہے تو وہ جھوٹ بول رہا ہے۔