وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات -شاہ محمود قریشی نے کہا چینی قیادت نے قرضوں کی تجدید پر آمادگی کا اظہار کیا ہے،
چین میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہوانگ شان میں چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے ہم منصب نے بتایا کہ ہم نے چین سے قرضوں کے رول اوور (تجدید) کی درخواست کی تھی جس پر چین کی قیادت نے آمادگی کا اظہار کردیا ہے اور اب مختلف پروسیجرل کارروائیاں مکمل کی جارہی ہیں جس کے بعد اس کا اعلان کردیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی عالمی سطح پر قلت کا امکان ہے اور چینی قیادت نے یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان کی ضروریات کا خیال رکھے گا اور پوری مدد دے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اسٹریٹجک، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی وبا، افغانستان میں امن و استحکام کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سیاسی استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔