وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آگیا
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکا منصوبہ سامنے آیا ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پہلے بھی خاص سیکیورٹی پر توجہ نہیں دیتے تھے تاہم موجودہ حالات میں سیکیورٹی میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنگین دھمکیوں کے بعد سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیاگیاہے، وزیراعظم آج اپنی معمول کی مصروفیات جاری رکھیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ قاتلانہ حملے کامنصوبہ وفاقی ایجنسیوں کی طرف سے رپورٹ کیاگیا ہے، ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ انتہائی سنجیدہ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس بار جو تھریٹ ہے وہ ماضی کے برعکس زیادہ سنگین ہے، قاتلانہ حملےکی منصوبہ بندی موجودہ سیاسی صورتحال میں بہت سنگین ہے۔