کراچی میں آج موسم مزید گرم رہنے کا امکان-پارہ 42 ڈگری سے اوپر جاسکتا ہے-
آج ملک بھر میں موسم خشک رہے گا، سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کا امکان
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز کے مقابلے میں آج کا دن بہت گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق اس وقت بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہوائیں چل رہی ہیں، موجودہ گرمی اور ہواؤں کی سمت تبدیلی ہائی پریشر کی وجہ سے ہے۔ کراچی میں سمندری ہوائیں معمول کے مطابق نہیں چل رہیں، شمال مغرب کی سمت سے بلوچستان کی گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔
انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ کل درجہ حرارت میں کچھ کمی ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز تک شہر کا پارہ 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ 14 سے 15 اپریل کو شہر کا موسم دوبارہ سے گرم ہونے کا امکان ہے۔