نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی جس کے لئے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے ارکان سے رابطے کئے جارہے ہیں
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاق کے بعد اب پاکستانی سیاست کا سب بڑا معرکہ کل ہونے والا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ن لیگ کے حمزہ شہباز امیدوار ہیں جب کہ تحریک انصاف نے اپنی اتحادی جماعت ق لیگ کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کو نامزد کررکھا ہے، اس حوالے سے کل فیصلہ ہوجائے گا، وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں کون کس کے ساتھ کھڑا ہوگا، کون منحرف اور کون ایوان میں ووٹنگ کے دن غیر حاضر ہوکر سرپرائز دے گا، اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن نے رابطے مزید تیز کردیئے ہیں، اور دونوں جانب سے رہنما جوڑ توڑ میں مصروف ہیں اور ارکانِ اسمبلی سے ٹیلی فونک رابطے کئے جارہے ہیں۔
کل پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی، لیکن پنجاب اسمبلی کااجلاس کس کی زیرصدارت تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا-
حکومتی اتحاد اور اپوزیشن دونوں ایک دوسرے کو سرپرائزز دینے کے لئے کوشاں ہیں، وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں حکومت کا ساتھ دینے سے معذرت کرنے والوں کو ایوان میں غیر حاضر رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 183 اور مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں، لیکن تحریک انصاف کے 24 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی منحرف ہوکر اپوزیشن سے جاملے ہیں، ترین گروپ ،علیم خان اور اسد کھوکھر اپنے حامیوں کے ساتھ حمزہ شہباز کی حمایت کر چکے ہیں، اور تحریک انصاف منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کے پاس ریفرنس جمع کراچکی ہے۔