وزیراعظم کا سوئیڈن اور نیدرلینڈز میں اسلامو فوبیا کے حالیہ واقعات پر اظہار تشویش، شہباز شریف نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے واقعات پر پاکستانی عوام اور تمام مسلمانوں کو شدید تکلیف ہوئی، عالمی برادری ایسے واقعات کی مذمت اور گھناؤنے رویے روکنے کیلئے اقدامات کرے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوئیڈن اور نیدرلینڈز میں اسلامو فوبیا کے حالیہ واقعات پر اظہار تشویش کیا۔
یاد رہے پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے مکروہ عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے باور کرایا تھا کہ عقل سے عاری اسلاموفوبیا پر مبنی عمل سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ایسی حرکات سے دنیا بھر میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ اس طرح کے مکروہ عمل کسی طور بھی آزادی اظہاررائے کے زمرے میں نہیں آتے ایسی کارروائیاں نہ تو انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت آتی ہیں اور نہ ہی رائے کی آزادی کے زمرے میں آتی ہے۔