وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
سلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کی نالائقی، نااہلی اور غلطیوں کی سزا عوام کو نہیں دے سکتے، مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی آئی ایم ایف سے ملاقات کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، تاہم وزیراعظم نے اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے۔
ملک میں اس وقت پیٹرول 150 روپے فی لیٹر کی قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 21 روپے اور دیگر مصنوعات کی قیمت میں فی لیٹر 50 روپے بڑھانے کی سفارش کی تھی، اگر ہم قیمتیں بڑھاتے تو مہنگائی کا ایک پہاڑ عوام پر ٹوٹ پڑتا اور عوام ہمیں بد دعائیں دینا شروع کردیتے، اس لیے ہم نے اوگرا کی سمری مسترد کردی ہے۔