اندازہ نہ تھا ادارے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے
سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اندازہ نہ تھا ادارے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے۔
خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف کامقصد صرف پیسے بنانا ہے، جب بھی ان چوروں اور دو ڈاکو فیملیز کا دور آیا تو پاکستان بہت نیچے چلا گیا، اگر ہم نے ان کو رہنے دیا تو یہ ملک کی بدقسمتی ہوگی-
سازش کی کامیابی سے متعلق غلط اندازہ لگانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رپورٹس مل رہی تھیں مگر یقین نہیں تھا کہ یہ سازش کامیاب ہوگی، مجھے نہیں پتہ تھا اس معاملے میں مختلف فریق شامل ہوجائیں گے، شہباز شریف پر مقدمات ہیں، میں نہیں سوچ رہا تھا کہ ہمارے انصاف کے ادارے اس طرح کے آدمی کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے، کیونکہ اگر کسی کو ہٹاکر دوسرے شخص کو لانا ہو تو ایسے شخص کو لایا جائے جو بہتری لے کر آئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپنی قیادت کے خلاف درج توہین مذہب کے مقدمات کا معاملہ اقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوبین کے سامنے رکھ دیا۔
سینئر مرکزی رہنما، رکن کور کمیٹی اور سابق وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے خصوصی خطوط بھجوا دیے۔ ایک خط اظہارِ رائے کی آزادی کے حقوق کےتحفظ و فروغ کیلئےاقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوب کو انسانی حقوق کونسل کی قرارداد 34/18 کے تحت بھجوایا گیا۔