May 20, 2022 05:43 pm
views : 257
Location : Domestic Place
Islamabad- Electricity is likely to be expensive at Rs 4.5 per unit
اسلام آباد، بجلی 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان، بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 59 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا
بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان حال عوام کے لئے ایک مزید بری خبر یہ ہے کہ ملک میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 5 پیسے اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔
سی پی پی اے نے اپنی درخواست میں بجلی کی قیمت فی یونٹ 4 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ پانی سے 18 اعشاریہ 55 فیصد، کوئلے سے 16 اعشاریہ 74 فیصد اور فرنس آئل سے 12 اعشاریہ 7 فیصد بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل میں مقامی گیس سے 9 اعشاریہ 85 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 19 اعشاریہ 42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17 اعشاریہ 37 فیصد اور ہوا سے 3 اعشاریہ 59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔