نیویارک، وزیر خارجہ نے عمران خان کے دورہ روس کی حمایت کردی، بلاول بھٹو کہتے ہیں سابق وزیراعظم کو علم نہیں تھا کہ ماسکو پہنچتے ہی روس یوکرین پر حملہ کردے گا
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں نیوز بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کی تمام ریاستوں کے ساتھ سرکاری اور سفارتی تعلقات ہیں، وزیر خارجہ نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہاں تک سابق وزیراعظم کے دورہ روس کا تعلق ہے، میں عمران خان کا دفاع کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے روس کا دورہ اپنی خارجہ پالیسی کے حصے کے طور پر کیا، کسی کو یہ خبر نہیں تھی کہ ماسکو پہنچنے کے بعد روس یوکرین پر حملہ کردے گا، بلاول بھٹو نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو اس طرح کے بے گناہ اقدام کی سزا دینا انتہائی غیر منصفانہ اقدام ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان بالکل واضح حکمت عملی پر کام کررہا ہے، ہم کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ اقوام متحدہ کے اصولوں پر قائم ہیں اور در حقیقت امن کی اہمیت پر زور دے رہے ہیں۔پاکستان نہ صرف عسکریت پسندوں کے ساتھ لڑرہا ہے بلکہ نفرت انگیز تقریر اور انتہاء پسندی کو بھی شکست دینے کی کوشش کررہے ہیں۔پاکستان میں سیاسی اور عوامی سطح پر یہ اتفاق پایا جاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا ہو یا فلسطین ہم دونوں مظلوم اقوام کی حمایت کرتے ہیں۔