May 23, 2022 06:33 pm
views : 415
Location : domestic place
Islamabad- PTI seeks permission for Long March in Capital
تحریک انصاف نے اسلام آباد میں آزادی مارچ کیلئے اجازت مانگ لی-حکومت کی لانگ مارچ سے نمٹنے کی تیاری، ڈی چوک سیل کردیا گیا-شیخ رشید نے کہا عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا
میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے حقیقی آزادی مارچ کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو خط لکھ دیا، جس میں اسلام آبادانتظامیہ کو 25مئی کی احتجاجی تحریک سے آگاہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
علی اعوان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈحکومت کےخلاف احتجاج ہماراآئینی اورقانونی حق ہے، عوام کسی صورت مسلط شدہ حکومت کوتسلیم نہیں کریں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ایس ایس پی آپریشنز،اےآئی جی اسپیشل برانچ اور اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کومراسلہ کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی مارچ پررائے دی جائےتاکہ اجازت دینےکافیصلہ کیاجا سکے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ25 تاریخ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سرینگر ہائی وے پر ملوں گا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دو اور اسمبلی تحلیل کرو، ہم چاہتے ہیں ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہو۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔
حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے دیگر صوبوں سے پولیس ایف سی اور رینجرز طلب کرلی جب کہ کنٹینر لگا کر ڈی چوک کو سیل کردیا۔