پاک بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات آج سے نئی دہلی میں شروع ہوں گے-دریائے چناب پرڈیموں کی تعمیر پر خصوصی طور پر بات ہوگی-وفد میں ڈی جی محکمہ موسمیات ، محکمہ آبپاشی اور وزارت خارجہ کا نمائندہ بھی شامل
پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر دو روزہ مذاکرات کا آغاز آج سے نئی دہلی میں ہورہا ہے ،انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گیا ہے۔
وفد میں ڈی جی محکمہ موسمیات ، محکمہ آبپاشی، نیسپاک اور وزارت خارجہ کا نمائندہ بھی شامل ہیں۔
واہگہ کے راستے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ آبی تنازعہ پر مذاکرات کا دو نکاتی ایجنڈا ہے، بھارت سے آنیوالے سیلابی پانی سے متعلق معلومات کی پیشگی فراہمی پر بات ہوگی اور انڈس واٹر کمشنرز کی سالانہ رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
انھوں نے بتایا کہ مارچ میں پاک بھارت انڈس واٹر کمشنرز کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا، اب یہ 118 واں اجلاس جو نئی دہلی میں ہو رہا ہے۔
انڈس واٹر کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اعتراض پر بھارت نے رپورٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وفد صرف اجلاس کے لیے جارہا ہے، معائنہ کے لیے الگ وزٹ ہوں گے جس کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔